شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اسلام آبادانتظامیہ کا بہترین اقدام

 
0
228

اسلام آباد 20 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی)کی انتظامیہ جہاں شہریوں کو اعلی اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے وہیں شہریوں کو بہترین علاج و معالجہ کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

اس سلسلے میں چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہفتہ کے روز کپیٹل ہسپتال کا دورہ کیا اور نئے اضافی بلاک اور اس میں تعمیر کئے جانے والے جدید ترین کوکلئیر سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ تھے۔چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نئے اضافی بلاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انکو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران کی جانب سے بتایا گیا کہ اضافی بلاک 200 بیڈز پر مشتمل ہے جبکہ اضافی بلاک میں کوکلیئر امپلانٹ سنٹر سمیت بلاک کے دیگر حصوں میں بھی جدید ٹیکنالوجی سے حامل مشینری نصب کی گئی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ اضافی بلاک میں سی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزیدبرآں اضافی بلاک کے لئے 87 ڈاکٹرز بشمول پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ 9 مختلف سپشلسٹ ڈاکٹرز کی تقرری بھی اس اضافی بلاک کے لئے کی گئی ہے۔ اسی طرح شہریوں کو اعلی اور معیاری علاج و معالجے کی سہولیات کے پیش نظر مزید ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعیناتی بھی کی جارہی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ نئے تعینات کئے جانے والے ڈاکٹرز اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اضافی بلاک کی تعمیر کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اعلی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کرنا ہے اور شہریوں کے علاج و معالجہ میں کسی بھی قسم کی کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے۔واضح رہے کپیٹل ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر 2020 میں شروع کی گئی تھی جسکو سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں مقررہ مدت سے قبل لگائے گئے تخمینے کے اندر ہی مکمل کیا گیا ہے۔