پہلے دن سے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کر رہے ہیں: بلاول بھٹو

 
0
139

اسلام آباد 23 مارچ 2022 (ٹی این ایس): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہو چکے ہیں اور بزدل ہمیشہ گالی دیتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام سے ہمارا 3 نسلوں کا رشتہ ہے اور قائد عوام نے یہاں پر ٹیکس فری زون قائم کیا۔ قائد عوام نے پاکستان کی قسمت بدلی اور ہم گزشتہ 3 نسلوں سے یہاں کے عوام کے خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام شروع کیا تھا اور شہید بے نظیر بھٹو نے عوام کی خدمت کی۔ شہید بی بی نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم وقت کے ظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں اور پہلے دن سے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہم اس غیر جمہوری شخص کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے اور ہم ایمپائر کی انگلی کا جواب ووٹ کی انگلی سے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی غیر جمہوری طریقہ استعمال نہیں کریں گے۔ میں گیٹ نمبر 4 کو نہیں کھٹکھٹاوں گا اور میں کالا کوٹ پہن کر عدالت نہیں جاوں گا۔ عمران سابق وزیراعظم بن چکا ہے اور عمران خان بزدل ہے مقابلے سے بھاگ رہا ہے۔ ہمیں چوہے کہنے والے خود بھاگ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان میں غیرت ہے تو مقابلہ کرے، بزدل گالی دیتا ہے اور بھاگتا ہے۔ 8 مارچ کو ہم نے عدم اعتماد جمع کرائی جس کی 7 روز میں ووٹنگ ہونی تھی اور آئین کہتا ہے کہ 14 روز میں اجلاس بلانا ہوتا ہے لیکن سیشن سے بھاگنے کے لیے یہ آئین توڑ بیٹھے ہیں اور یہ اسپیکر کو آرٹیکل 6 میں پھنسا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کو 3 سال گزر چکے ہیں لیکن ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں اور یہ وزیر اعظم ہو کر ہمیں اردو سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اردو سیکھیں۔ اس ملک میں بہت سی زبانیں بولی جاتی ہیں اور ہم سب زبانوں کی عزت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گالی دینا ہارے ہوئے شخص کی نشانی ہے اور ڈیزل ڈیزل کہنے والوں نے خود ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ یہ کہتے ہیں اس لیے وزیر اعظم نہیں بنا کہ وہ ٹماٹر اور آلو کی قیمت پر فوکس کریں۔