مسافر ٹرینوں میں گزشتہ سال کی نسبت چار ارب زیادہ کمایا ہے،

 
0
392

پاکستان ایئرفورس کے ساتھ آئل سپلائی کا معاہدہ کیا ہے ، فوج نے اپنے پاس کھڑی مال بردار گاڑیاں ریلوے کے حوالے کر دی ہیں، نالہ لئی اور ایم ایل ون منصوبوں کی تکمیل میرا خواب ہے، تمام قومی اداروں کو تیل کی فراہمی ریلوے سے کرنے کا پروگرام ہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد
اسلام آباد مئی 04 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے مسافر ٹرینوں میں گزشتہ سال کی نسبت چار ارب زیادہ کمایا ہے، پاکستان ایئرفورس کے ساتھ آئل سپلائی کا معاہدہ کیا ہے جبکہ فوج نے اپنے پاس کھڑی مال بردار گاڑیاں ریلوے کے حوالے کر دی ہیں، نالہ لئی اور ایم ایل ون منصوبوں کی تکمیل میرا خواب ہے، تمام قومی اداروں کو تیل کی فراہمی ریلوے سے کرنے کا پروگرام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹرل ڈیزل لوکوموٹو ورکشاپ میں مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے بحال ہوگی تو ملک خوشحال ہو گا، یہاں ٹرک اور کنٹینر مافیا ہے جو آلودگی پھیلانے کے ساتھ ساتھ اور مسائل بھی پیدا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم ایل ون سائن کیا ہے، اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سٹیشن ہیں وہاں کواٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ ریلوے ملازمین کی رہائش کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آٹھ ماہ میں ایک روپے کی امپورٹ نہیں کی، تیس ٹرینیں چلائی ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہے کہ ریلوے کے مزدوروں نے تیس ٹرینیں یہاں مرمت کر کے چلائی ہیں، انہوں نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں نے ملک کو بری طرح سے لوٹا ہے، ریلوے سمیت تمام اداروں کو تباہ کر دیا، ہم نے مسافر ٹرینوں میں گزشتہ سال کی نسبت چار ارب زیادہ کمایا ہے جبکہ مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ آرمی چیف کے مشکور ہیں جنہوں نی35 مال بردار گاڑیاں جو فوج کے پاس کھڑی تھیں ریلوے کے حوالے کر دی ہیں، انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان ایئرفورس کے ساتھ آئل سپلائی کا معاہدہ کیا ہے، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ماضی میں نالہ لئی ایکسپریس 26 ارب کا منصوبہ تھا مگر اب 80 ارب روپے کا منصوبہ بن چکا ہے، لئی ایکسپریس وے سے شروع ہوکر پشاور موڑ تک جائے گا، لئی ایکسریس کے ساتھ ساتھ 8 ، 8 منزلہ پلازے بنائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ “آرام حرام ہی” کے نعرے پر قائم ہیں، ریلوے میں کام چوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں، سب کو محنت کرنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو وزیر اعظم ماں بچہ ہسپتال کا افتتاح کریں گے، یہ صرف ماں بچہ کا ہسپتال نہیں بلکہ تمام لوگوں کیلئے ہے جس میں 14 آپریشن تھیٹر ہیں جنہیں ہم 17 بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کیلئے نرسنگ ہسپتال اور نرسنگ کالج بنا رہے ہیں، راولپنڈی میں متعدد گرلز کالج قائم کئے اور آج راولپنڈی نمبر ون ہے، انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ریلوے کے تمام ملازمین کا ایک ایک سکیل بڑھا دیا جائے، آخر میں انہوں نے ریلوے ورکشاپ اور سی ڈی ایل مزدوروں کو عید سے قبل 3 ، 3 ہزار دینے کا اعلان کیا۔