پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف شرائط کا نتیجہ، عوام کو رمضان کا بہترین تحفہ دیا گیا ‘مسلم لیگ (ن) لاہور , سلیکٹڈ حکمرانوں سے ملکی معیشت بہتر اور مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی،غریب کیلئے ایک وقت کی روٹی مشکل ہو چکی‘پرویز ملک،عمران نذیر ، عامر خان

 
0
297

لاہور مئی 04 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن) لاہور نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط کا نتیجہ ہے، یہ ناہل حکمرانوں کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد پر عوام کو تحفہ ہے،سلیکٹڈ حکمران عوام کو مہنگائی سے نجات نہیںدلا سکتے کیونکہ ان میں اس بات کی اہلیت ہی نہیں ہے۔
مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں سے ملکی معیشت بہتر ہو نہیں رہی ،گیس پانی بجلی غائب ہے مہنگائی آپے سے باہر ہے،غریب کے لئے ایک وقت کی روٹی بھی مشکل ہو گئی ہے،سیلکٹڈ حکومت کے پاس اپوزیشن کودیوار کے ساتھ لگانے اور ان کیخلاف مقدمات بنانے کے علاوہ کوئی معاشی ایجنڈا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا اسی لیے عمران خان کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا ،حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا ،8ماہ میں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی،مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا،نہ ہی حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت ملی۔رہنمائوں نے کہا کہ یہ اناڑی ہیں اور حکومت نہیں چلا سکیں گے، عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے انہیں نظر انداز کردیا گیا ہے۔