سیاسی ڈرامے کا ڈراپ سین نہیں ہوگا صرف کردار تبدیل ہوں گے،پرویز الٰہی

 
0
324

لاہور 26 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی چوہدری ہاوس آمد،اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے حکومتی وفد کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی وفاقی وزیر مونس الہی، وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ و دیگر رہنما موجود ہیں ۔

اس ملاقات کا مقصد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام ق لیگ کی قیادت کو پہنچایا تھا۔قبل ازیں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما واسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جلسوں سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی فرق نہیں پڑتا،ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہو گا، ڈرامے کے کردار تبدیل ہوں گے، ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی اور آدھی بانٹی جارہی ہے۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاست میں اسلام کو لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا مستقبل اللہ کے فضل سے روشن ہے، ہمارا دامن پاک صاف اور دین سے جڑا ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ جو باہر بیٹھے ہیں ان کی بیماری کی ابھی دوائی نہیں آئی جبکہ جلسوں کی سیاست سے تحریک عدم اعتماد پر فرق نہیں پڑتا۔