سعودی عرب،مقدس شہر مدینہ منورہ میں زائرین کی آمد سے بازاروں کی رونق میں اضافہ

 
0
161

ریاض 28 مارچ 2022 (ٹی این ایس): سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں 55 لاکھ سے زیادہ زائرین کی آمد سے بازاروں کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سکولوں میں تعطیلات کے باعث مقامی شہری اور مقیم غیر ملکیوں نے بھی بڑی تعداد میں مدینہ منورہ کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے انواع و اقسام کی کھجوروں خصوصا عجوعہ میں دلچسپی لے رہے ہیں،زائرین کھجوروں کے علاوہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بازاروں سے اپنے پیاروں کے لیے تحائف بھی خرید رہے ہیں۔

مدینہ میں ایک کھجور فروش نے بتایا کہ مسجد نبوی کے اطراف واقع مارکیٹوں کی رونقیں دوبالا ہو چکی ہیں، وبا کے بعد پہلی مرتبہ زندگی معمول پر نظرآرہی ہے جس سے اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔ ادھر، وزارت تجارت نے کہا ہے کہ عمرہ موسم کے دوران مقدس شہروں کی مارکیٹوں میں کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں، کھجوروں سمیت تمام اشیائے صرف کی قیمتیں دسترس میں ہیں۔