کراچی میں اگلے تین روز تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی

 
0
559

کراچی 30 مارچ 2022 (ٹی این ایس): محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین روز مختصر ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی 3 روز تک مختصر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا جس دوران درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ اس دوران گرمی کی شدت کبھی کم اور کبھی بڑھنے کے ساتھ دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں گرمی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ افغانستان اور مغربی بلوچستان پر ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے جس کی وجہ سے شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 اپریل سے موسم بہتر ہوجائے گا اور رمضان کے پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جب کہ 8 اپریل کے بعد گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافے کا بھی امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں گرمی بڑھے گی اور موسم خشک رہے گا جب کہ درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔