جو لوگ ذات کے لیے پارٹی میں آئے تھے شکر ہے میری ان سے جان چھوٹ گئی ہے، وزیراعظم

 
0
112

اسلام آباد 02 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیدھا امریکہ کا نام لیتا ہوں جس نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش رچائی، میں اینٹی امریکہ نہیں ہوں، یہ امریکہ کو پیغام دے رہے ہیں کہ میں آپ کا غلام ہوں، ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ڈرون حملے ہوں۔

وزیراعظم ہاؤس میں اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذات کے لیے پارٹی میں آئے تھے شکر ہے میری ان سے جان چھوٹ گئی ہے، بھاگنے والے ہر بجٹ سے پہلے میرے پاس فنڈز لینے آتے تھے۔ ان سے ملاقات سے پہلے میں 2گولیاں ڈسپرین کی لیتا تھا، شکر ہے اللہ کا اب مجھے ان کی شکل نہیں دیکھنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ساتھ کھڑے رہنے والے لوگوں کو کبھی نہیں بھولوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ میری ساری زندگی مقابلے میں گزری ہے، میرے تو ذہن میں بھی نہیں ہے کہ ہم کل ہاریں گے، جب تک آخری گیند نہیں ہوتی میچ کا فیصلہ نہیں ہوتا،کپتان ماہر ہے کوئی پتہ نہیں کل کیا کرجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سمجھ آرہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سازش ہورہی ہے، یہ سارے غدار اکتوبر سے ملک کیخلاف سازش کررہے تھے۔

اچکنیں سلوانے والوں کو کل بڑا سرپرائز دیں گے، قوم انجوائے کرے گی، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اپنی ایچکن سلوا کر بیٹھا ہوا ہے، جس نے اچکن سلوائی ہوئی ہے اسے یہ نہیں پتہ کہ اس کے ساتھ کل کیا ہونے والا ہے۔

مزید کہا کہ ن لیگ والے کئی لوگ مجھے پیغام بھجوا رہے ہیں، ان کے گھروں میں ان کیلئے مسئلہ بن گیا ہے،ان کے گھر والے انہیں کہہ رہے ہیں آپ کس سازش میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ایک بہت بڑی تبدیلی آ گئی ہے، میں نے 25 سالوں میں عوام کے اندر کبھی اتنا جذبہ نہیں دیکھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخاب کے نتائج کو غور سے دیکھیں، ہمارے کمزور علاقوں میں بھی حیران کن نتائج آئے، ساری جماعتیں ایک طرف رہ گئیں ہیں ،اس نتیجے سے سب کو پتہ چل جانا چاہیے کہ قوم اب کس طرف نکل گئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیا، چیلنج کرتا ہوں ن لیگ اب پنجاب میں ضمنی یا کوئی بھی انتخاب جیت کر دکھائے،کل سب دیکھیں گے ملک بھر میں عوام کیسے نکلے گی۔