لاہور اگست 3(ٹی این ایس): پاکستان سپر لیگ کے نئی فرنچائز ملتان سلطان نے اپنے دور کے دو عظیم فاسٹ باﺅلرز وسیم اکرم اوروقار یونس کو ایک بار پھر ایک چھت تلے جمع کردیا ۔ذرائع کے مطابق وقار یونس ملتان کی ٹیم کے مینٹور اور ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر آباد کہنے کے بعد اپنی نئی فرنچائز میں کرکٹ آپریشنز ڈائریکٹر کی پوسٹ سنبھالیں گے، دونوں عظیم کھلاڑیوں اور ملتان کے مابین معاہدے پر دستخط اگست کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہیں۔
وسیم اکرم اوروقار یونس نے90کی دہائی میں اپنی باﺅلنگ کے ذریعے دنیائے کرکٹ پر اپنی دھاک بٹھائے رکھی تھی،دونوں فاسٹ باﺅلرز نے اکٹھے 61ٹیسٹ میچز 559شکا رکیے جن میں وسیم اکرم کا حصہ282وکٹیں اور وقار یونس کا حصہ277شکار رہا۔اپنے پلیئنگ کیریئر کے دوران دونوں کھلاڑیوں میں ان بن کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی تھیں تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد دونوں لیجنڈ کرکٹرز اب بہت اچھے دوست ہیں اور وقار یونس ایک انٹر ویو میں یہ کہ چکے ہیں کہ انہیں ماضی وسیم اکرم کے ساتھ اس خراب رشتے پر افسوس ہے۔ملتان سلطان کے ساتھ معاہدے کے بعد 2003ءمیں دونوں عظیم کرکٹرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ ایک ساتھ کام کریں گے