محمد جاوید انور سیکرٹری ریلوے ڈویژن مقرر، موصوف ممتاز شاعر،ادیب اور افسانہ نگار بھی ہیں

 
0
731

انہی جیسےافسران اور اہلکاروں کی  محنت، توجہ اور جانفشانی نے ہی دم توڑتی ریلوے کو نئی زندگی دینے میں اہم کردار ادا کیا: وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی طرف سے مبارکباد

لاہور، مئی 01 (ٹی این ایس):  پاکستان ریلویز کے گریڈ بائیس کے آفیسر محمد جاوید انور کو سیکرٹری ریلوے ڈویژن مقرر کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وفاقی سیکرٹری ریلویز کی سیٹ محترمہ پروین آغا کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہوئی تھی اور سیکرٹری ریلوے بورڈ  زبیر شفیع کو وفاقی سیکرٹری و چئیرمین ریلوے کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔

محمد جاوید انور پاکستان ریلویز میں سینئر جنرل مینیجر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نے 1982 میں پاکستان ریلویز کو جوائن کیا۔ ان کا تعلق دسویں کامن سے ہے اور ملک کے سینئر ترین افسروں میں شمار ہوتے ہیں۔

انہوں نے  ملتان، سکھر،کوئٹہ، لاہوراور پشاور کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، سی او پی ایس، سی ایم ایم، اے جی ایم ٹریفک، ایم ڈی پریکس اور جنرل مینیجر آپریشنز کے طور پر ملک بھر میں ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

پاکستان ریلوے کے پروفیشنل افسر کو ادارے کا یہ اعلی ترین عہدہ تقریباً اٹھائیس برس کے بعد دیا گیا ہے، ریلوے سے تعلق رکھنے والے سیکرٹری شیخ اشرف تھے جو  31 دسمبر 1990 تک ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہے۔ اس دوران یہ عہدہ ڈی ایم جی، کسٹمز، اکاؤنٹس، ملٹری، پولیس اور سیکرٹریٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے پچیس مختلف افسران کے پاس رہا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ  محمد جاوید انور ممتاز شاعر،ادیب اور افسانہ نگار بھی ہیں۔ وہ ریاست نامہ کے زیراہمتمام ہونے والے افسانوی مقابلہ 2018 میں بطور جج بھی اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے محمد جاوید انور کو چئیرمین و وفاقی سیکرٹری پاکستان ریلویز مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی بحالی، ترقی اور جدت میں انہوں نے ٹیم میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کی محنت، توجہ اور جانفشانی نے ہی دم توڑتی ریلوے کو نئی زندگی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اٹھارہ ارب سالانہ کمانے والا قومی ادارہ پاکستان ریلوے اس برس پچاس ارب کمانے جا رہا ہے، ریلوے میں تبدیلی آ چکی اور انہیں یقین ہے کہ ریلوے ان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔