چیف جسٹس آف پاکستان کا ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ پرازخود نوٹس،تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب

 
0
396

اسلام آباد مئی 2(ٹی این ایس): چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ پرازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں اہم مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے لیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نے ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ پر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کو کوئٹہ میں کیس کی سماعت کریں گے۔چیف جسٹس نے کہا ہزارہ والے ڈر کے مارے سپریم کورٹ میں درخواست نہیں دے رہے اور ان کے قاتل کھلے عام جلسے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ والوں کو یونیورسٹی میں داخلے نہیں ملتے اور وہ اسکول، اسپتال نہیں جاسکتے، کیا ہزارہ والے پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ہزارہ عمائدین نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجود سے ملاقات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 28 اپریل کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا تھا، دونوں کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔