ن لیگ نے وزیر علیٰ پنجاب کے انتخابات کرانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

 
0
168

اسلام آباد 08 اپریل 2022 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن )نے وزیر علیٰ پنجاب کے انتخابات کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔درخواست میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

ہائیکورت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلی کا عہدہ خالی ہے اس پر جلد از جلد الیکشن کرائے جائیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری اسمبلی اور انتظامی افسران پرویز الہی کے غیر قانونی احکامات مان رہے ہیں اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے بلا جواز تاخیر کی جارہی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ جب تک وزیراعلی کا انتخاب نہ ہو تب تک آئین کے آرٹیکل130 کے تحت اسمبلی کا اجلاس ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔

درخواست میں جن افراد کو فریق بنایا گیا ہے ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں لہذا عدالت جلد حکم جاری اور انتخاب ممکن بنائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر از خود نوٹس کی سماعت میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے تھے کہ ہم پنجاب کے حوالے سے کوئی حکم نہیں دیں گے، پنجاب کا معاملہ ہائیکورٹ میں لیکرجائیں۔