وفاقی کابینہ کی تشکیل؛ مشاورت کیلئے وزیراعظم کی زرداری ہاؤس آمد

 
0
135

اسلام آباد 12 اپریل 2022 (ٹی این ایس): نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنے اتحادی رہنماوں کو پی ایم ہاؤس بلانے کی بجائے ان کے پاس خود جانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف)، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کے ارکان کو کابینہ میں شامل کریں گے۔

وزیراعظم اتحادی رہنماؤں کے پاس جا کر ان کا شکریہ ادا کریں گے اور انہیں پی ایم ہاؤس آنے کی دعوت بھی دیں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ایوان نےاپوزیشن جماعتوں کے امیدوار شہبازشریف کوملک کا وزیراعظم منتخب کیا تھا۔ پی ٹی آئی نے شاہ محمود قریشی کووزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تھا تاہم پی ٹی آئی ارکان نے بعد میں انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اجتماعی استعفے دے دئیے تھے۔

زرداری ہاؤس آمد

وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے زرداری ہاؤس پہنچے جہاں ان کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف علی زرداری کے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف موجود تھے جب کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایاز صادق، رانا ثنااللہ، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب موجود تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول کی رہائش گاہ آمد

وزیراعظم شہباز شریف ایم کیو ایم سے ملنے کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں انہوں ںے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے وسیم اختر، امین الحق اور جاوید حنیف شریک تھے جب کہ وزیراعظم کے ہمراہ راناثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب موجود تھیں۔

وزیر اعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر بات چیت ہوئی اور طے پایا کہ آنے والے چند دنوں میں وزیراعظم ایم کیو ایم کے مرکز کراچی بہادر آباد جائیں گے، ساتھ ہی مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے جہاں ایم کی ایم کی قیادت ان کے ہمراہ ہوگی۔