وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

 
0
114

اسلام آباد 19 اپریل 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( پی ایم ڈی اے) ختم کرنےکا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابقہ دور میں پی ایم ڈی اےکا کالا قانون لانےکی کوشش کی جا رہی تھی، ہم نے اسے ختم کر دیا ہے، پیمرا کے ہوتے ہوئے کسی میڈیا اتھارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے ہر شخص کا بنیادی حق ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر میڈیا سے متعلق مسائل حل کریں گے، فیک نیوز پر بھی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات کریں گے، میڈیا سے متعلقہ اہم مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیکا 2016ء کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر نظرثانی کرنےکا فیصلہ کیا ہے، سابقہ دور میں پیکا قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کیا گیا، ان پر تشدد کیا گیا، اس قانون میں جو بھی بہتری لائی جائے گی، اس پر ہم مل بیٹھ کر بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، پچھلے چار سال میڈیا نے سینسر شپ اور اظہار رائے کی آزادی کی جہدوجہد کی، سینیئر صحافیوں ابصار عالم، مطیع اللہ جان، حامد میر اور اسد طور پر فائرنگ کے واقعات ہوئے،کئی صحافیوں کے ٹی وی چینلز پر پروگرام بند کرائے گئے، ایسے تمام صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہوں، معاشرے کے اندر اظہار رائے کی آزادی رہے گی تو حکومت کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ ہمارے پچھلے دور میں منظور ہوا تھا، اس پر کمیشن قائم کریں گے تاکہ وہ اپنا کام شروع کر سکے، تنقید دل سے قبول کریں گے، جس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے، اس وقت پاناما لیکس کے حوالے سے ٹاک شوز ہوئے تھے، پیمرا نے ایک بھی نوٹس جاری نہیں کیا تھا، دس سال شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب رہے، میڈیا پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔