فارن فنڈنگ کیس میں دیگرسیاسی جماعتوں کوبھی بلایا جائے، شاہ محمود قریشی کا مطالبہ

 
0
122

اسلام آباد 19 اپریل 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شکوہ کیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں سارا فوکس تحریک انصاف پرکیاجارہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود کا کہنا تھاکہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق فارن فنڈنگ کی سماعت کاآغازہوا ہے، انورمنصورکواپنے دلائل مکمل کرنے کیلئے مزید 3 روز درکارہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج قوم دیکھ رہی ہے سارا فوکس تحریک انصاف پرکیاجارہا ہے، ہم سے حساب مانگا جارہا ہے لیکن دیگرجماعتوں کی بھی اسکروٹنی ہونی تھی، دیگر جماعتوں کا کیس کیوں نہیں سنا جارہا؟ امتیازی سلوک کیوں کیا جارہا ہے؟ قانون سب کیلئے برابر ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ ہمیں اپنی اسکروٹنی پراعتراض نہیں لیکن دیگرسیاسی جماعتوں کوبھی بلایا جائے، اس کیس میں کچھ نہیں، ہمارے سب فنڈز لیگل ہیں،کوئی ممنوعہ فنڈنگ نہیں، اسکروٹنی کمیٹی کا اپنا مینڈیٹ تھا،ہم نے ہر سوال کا جواب دیا، اسکروٹنی کمیٹی نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ امید ہے جس ترازو میں ہمیں تولا جارہا ہے اس میں دیگرجماعتوں کوبھی تولا جائے گا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ انٹراکورٹ اپیل میں چیلنج کرنے جارہے ہیں، درخواست دائرکررہے ہیں کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کا کیس بھی روزانہ کی بنیاد پرچلایا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 30 دن میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔