وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان سے معافی مانگ لی

 
0
138

اسلام آباد 17 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے صدر مولانا فضل الرحمان کو مولانا کہنے پر معافی مانگ لی۔

گزشتہ روز عمران خان نے سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کیا جس دوران عمران خان نے پی ڈی ایم کے صدر پر تنقید کرتے ہوئے انھیں ’مولانا فضل الرحمٰان‘ کہہ کر مخاطب کیا جس پر جلسے میں شریک شرکاء نے زور زور سے ڈیزل کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔

بعد ازاں عمران خان نے معذرت کی اور کہا غلطی ہوگئی سوری! مولانا نہیں فضل الرحمان کیوں کہ میں عالم دین کی عزت کرتا ہوں۔

عمران خان نے مولانا سے سوال کیا کہ آپ 30 سال سے سیاست میں ہیں اور دین کے نام پر سیاست کررہے ہیں، میں آپ سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے کبھی مغرب کے رہنماؤں سے اسلاموفوبیا کے خلاف سوال کیا؟

عمران خان نے مزید کہا کہ آپ مدرسے کے بچوں کو میرے خلاف جب نکالتے ہیں تو اب آپ کو شرم آنی چاہیے کہ آپ جسے یہودی لابی کہتے تھے اس نے وہ کام کر دکھایا جو آپ نے 30 سال میں نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دورہ لوئر دیر اور سوات میں بھی جلسہ کرنے سے منع کیا تھا تاہم عمران خان نے ان دونوں جلسوں میں شرکت کی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔