اسلام آباد (ٹی این ایس): 31 اکتوبر 2025ءاسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے میاں عامر محمود کو چیئرمین، سلمان اقبال کو سینئر وائس چیئرمین، میر ابراہیم الرحمن کو وائس چیئرمین، شکیل مسعود حسین کو جنرل سیکرٹری، احمد زبیری کو جوائنٹ سیکرٹری اور محمد اطہر قاضی کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران کا انتخاب دراصل پی بی اے کے ممبران کی جانب سے انکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پی بی اے کی نو منتخب قیادت اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے سے میڈیا کے مثبت اور تعمیری کردار کو مزید مضبوط بنائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میڈیا ملک میں جمہوریت کے استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی شعور کی بیداری میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی بی اے کی نئی قیادت صحافتی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے میڈیا انڈسٹری کی ترقی اور وقار میں اضافہ کرے گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ میڈیا عوامی مسائل اور قومی مفاد کے امور کو ایوانِ اقتدار تک پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارلیمان میڈیا کی آزادی کے تحفظ اور اس کے درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں اعلیٰ صحافتی اقدار کے فروغ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے کلچر کو فروغ دینے میں پی بی اے کا کردار قابلِ تحسین ہے













