سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے ملازمین کے تمام الاؤنسز میں اضافہ کر دیاجس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

 
0
104

اسلام آباد 23 اپریل 2022 (ٹی این ایس): سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے ملازمین کے تمام الاؤنسز میں اضافہ کر دیاجس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کوایک ہزارروپے سے کم ملنے والے الاؤنسز میں سوفی صد اور ایک ہزاروپے سے زائد ملنے والے الاؤنسز میں پچاس فی صداضافہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم اپریل 2022سے ہو گا اس کے علاوہ سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو پانچ ہزارروپے سیکورٹی الاؤنس بھی دینے کی منظوری دی گئی،نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی تمام ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ مزدور یونین کے مرکزی آفس میں جمع ہو گئے اور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین اور انکی ٹیم کا شکریہ اداکیا،اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس خان،ممبر فنانس رانا شکیل اصغر و سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ ہم نے ریفرنڈم میں ملازمین کی بہتری و خوشحالی کے لیے جو وعدے کیے تھے ان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور ملازمین کی خوشحالی کا سفر جو کہ 2017سے لے کر اب تک رکا تھا اب دوبارہ شروع ہو چکا ہے اور انشاء اللہ ملازمین کی خوشحالی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا،انھوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں ملازمین کے الاؤنسز میں اضافے سے یقینا انکی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ پہلے سے بہتر انداز میں ادارے کی ترقی اور اس شہر کی خوبصورتی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں گے،انھوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ادارے کی بہتری اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پہلے سے بڑھ چڑھ کر محنت،لگن اور جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ ادارے کی نیک نامی میں اضافہ ہو سکے۔