اسد قیصر کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں خلاف ضابطہ ترقیاں دینے کا انکشاف

 
0
406

اسلام آباد 23 اپریل 2022 (ٹی این ایس): اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں خلاف ضابطہ بھرتیوں اور ترقیاں دینے کا انکشاف ہوا ہے

۔تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے 200 سے زائد افراد کو پارلیمنٹ سیکریٹریٹ میں بھرتی کیا اور ترقیاں دیں، اسد قیصر نے اپنے بہنوئی طاہر قدیم کو گریڈ 17 میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں عارضی بھرتی کروایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں انہیں خلاف قواعد ڈیپوٹیشن پر اسلام آباد بلوا کر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ضم کردیا، اسد قیصر کی جانب سے 2 اپریل کو خلاف ضابطہ 9 افسران کو پروموشن بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسد قیصر نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے سے ایک دن پہلے اپنے بہنوئی کو گریڈ 19 میں ترقی دی، قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی میں یہ تقرریاں نہ ایجنڈے پر تھیں اور نہ ہی اس حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کیا گیا تھا۔