پاکستان تحریک انصاف کا 26 اپریل کو الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کااعلان

 
0
124

اسلام آباد 24 اپریل 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل (منگل کو) ملک بھر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا۔ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہاء کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی سایسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل (26 اپریل) کو پاکستان بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کی ضلعی تنظیموں کو ہدایات بھی جاری کی جارہی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر ’جانبداری‘کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منصوبے کے تحت منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کا ڈیکلریشن جاری نہیں کررہے، انہوں نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہاء کردی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے استعفے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اپنی ذمہ دارایاں پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں، انہیں عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہئے، ہمیں ان پر اعتماد نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپنے استعفے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیئے تھے، جنہیں اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے منظور کرلیا تھا، تاہم راجا پرویز اشرف نے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد استعفوں کی منظوری کالعدم قرار دیتے ہوئے اراکین اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے استعفے لینے کا کہا تھا۔