اے ڈی بی کا پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالر اضافی سپورٹ دینے کا اعلان

 
0
183

اسلام آباد 12 مئی 2022 (ٹی این ایس): ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالر اضافی سپورٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث بخش پاشا نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور ٹیم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحت جاری پروگراموں پر تیزی سے عمل درآمدکی یقین دہانی کرائی گئی، بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یوکا نے پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
وزیرمملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ ملک میں اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کی پیروی میں مددکی، اس وقت پاکستان کو مختلف مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت کو پائیدارترقی کی راہ پرواپس لانے کے لیے مختلف ڈھانچہ جاتی اصلاحات کر رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالر اضافی سپورٹ دے گا، اضافی سپورٹ مالی سال 2023 کے لیے فراہم کی جائیگی، ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو کیلنڈر سال میں ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر فنڈنگ دیگا۔