چند روز میں احتجاج کی تاریخ کا اعلان کروں گا: عمران خان

 
0
372

اسلام آباد 08 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ جلد احتجاج کی کال دوں گا، ہم تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے، سب تیاری رکھیں۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں فاسٹ ٹریک پر پارٹی میں الیکشن کرانے پڑے، یہ وہ الیکشن نہیں جو ہم چاہتے تھے، مجبوری میں یہ الیکشن کرائے گئے، اس کے باوجود ہماری پارٹی میں اپوزیشن قومی اسمبلی میں موجود اپوزیشن سے بہتر ہے جس کے قائد راجا ریاض ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب 26 سال قبل پارٹی بنائی تو یہ سوچ کر بنائی تھی کہ یہ پارٹی ایک مثالی ادارہ بنے گی، یہ جماعت دیگر جماعتوں سے مختلف ایک سیاسی پارٹی بنے گی، پاکستان میں سیاسی پارٹیز نہیں، خاندانی جماعتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس خاندانی سیاست کی وجہ سے ہماری جمہوریت نے ترقی نہیں کی، ہمارے ملک میں موجود سیاسی جماعتوں میں میرٹ نہیں ہے، جمہوریت کے نام پر جاگیردارانہ نظام رائج ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 60 سال کے دوران آدھا وقت ملٹری کی حکومت تھی جب کہ آدھا وقت 2 خاندانوں کی حکومت رہی، ہماری حکومت کے صرف ساڑھے 3 سال تھے جس پر انہوں نے اتنا شور مچایا کہ ملک میں تباہی ہوگئی جب کہ اصل میں یہ تباہی ان کے دور کی تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی ادارہ تب بنے گی جب ہم جماعت میں بہترین انتخابات کرائیں گے جس کے ذریعے میرٹ پر اچھے لوگ اوپر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے 2 تجربے کیے، ایک تجربہ 2013 کے الیکشن سے قبل کیا جس میں ہمیں بہت مشکلات آئیں، کیونکہ ملک میں جماعتوں کے اندر الیکشن کی کوئی مثال نہیں تھی، پھر ہم نے دوسرا تجربہ کیا اور پورا الیکشن سیل بنایا، بڑے فنڈز مختص کیے، موبائل فون کے ذریعے الیکشن کرانے کی کوشش کی مگر بد قسمتی سے سسٹم بن نہیں سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پارٹی میں الیکشن کرانے کا میرٹ پر جمہوری نظام لانا ہے، جمہوریت میں میرٹ ہوتی ہے، بادشاہت میں نہیں، اس کے لیے ہمیں انتخابی اصلاحات کرنی ہوں گی۔

انہوں نے کہا ہماری خواتین اراکین کی زبردست کارکردگی رہی ہے، چاہے وہ پنجاب اسمبلی ہو یا جس طرح سے انہوں نے ڈی چوک میں شیلنگ کا سامنا کیا، اس کی ملک میں مثال نہیں ملتی، اس پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہمارے معاشرے میں خواتین کی بہت عزت ہے مگر افسوس ہے جس طرح سے اس حکومت میں پولیس اور رینجرز نے خواتین پر شیلنگ کی، میں اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، پولیس کا جو رویہ تھا، جس طرح وہ لوگوں کے گھروں میں گھسے، خوف پھیلایا گیا، وہ رویہ میں نے مارشل لا کے سوا کسی دور میں نہیں دیکھا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو جس طرح سے لوگ خود اپنے گھروں سے پرامن احتجاج کے لیے نکلے میں نے کبھی ملک میں نہیں دیکھا، لوگوں کے پر امن احتجاج کو دیکھ کر حکمران خوفزدہ ہوگئے۔