اسلام آباد 09 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کی جانب سے سبسڈائز گھی کی قیمت میں کمی کرنے کی ہدایت، یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی سستا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائز گھی کی قیمت میں فوری کمی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر فی کلو گھی کی قیمت میں 55 روپے کمی کر دی گئی۔
فیصلے کے تحت نئی قیمت 355 روپے سے کم کر کے 300 روپے مقرر کر دی گئی، فیصلے کا اطلاق 9 جون سے ہو گا۔ دوسری جانب گھی کی قیمتوں میں 24 روپے کلو تک اضافہ کردیا گیا۔
ہول سیل سطح پر گھی مزید مہنگا ہوچکا، جہاں درجہ اول کے گھی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا اور نئی قیمت 566 روپے فی کلو ہوگئی جب کہ درجہ اول کا گھی پرچون میں 24 روپے مہنگا ہونے کے بعد 570 روپے فی کلو ہوچکا ہے، اسی طرح درجہ دوم گھی کی قیمت 14 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی کلو گھی کی نئی قیمت 550 روپے ہوگئی۔