خورشید شاہ نے داسو ڈیم کے متاثرین کیلئے بڑا اعلان کردیا

 
0
95

اسلام آباد 13 جون 2022 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے داسوڈیم منصوبے میں مقامی ملازمتوں کا کوٹہ سو فیصد کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہاں میرے سامنے داسو ڈیم منصوبے میں ففٹی پرسینٹ لوکل جابز پر عملدرآمد کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔

تقریب میں فیصل کریم کنڈی، چیئرمین واپڈا، کوہستان کے عمائدین و عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے داسو ڈیم متاثرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین واپڈا سے کہا ہے چھوٹی ملازمتیں سو فیصد اسی علاقے کے لوگوں کو دی جائیں،خورشید شاہ نے کوہستان میں ترقیاتی کاموں کے لیے ایک ارب کی گرانٹ مختص کرانے کا وعدہ بھی کیااور کہا کہ پہاڑوں میں رہنے والوں کی زندگی انتہائی مشکل ہے، یہاں ترقیاتی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے،کوہستان کے لیے ایک ارب روپے کی ترقیاتی گرانٹ اسی بجٹ میں رکھی جائے گی،

کوہستان کی ہر تحصیل میں ٹیکنیکل کالج قائم ہو گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ کوہستان میں ڈیم متاثرین کے لیے بنیادی مراکز صحت کا نظام بہتر بنایا جائے گاجبکہ کوہستان کی ہر تحصیل میں بی آئی ایس پی،نادرا کے دفاتر قائم ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے ڈیم متاثرین کے زمین کے معاوضوں سے متعلق مطالبات بھی سنے۔اور کہا کہ بہت جلد اسلام آباد میں ایک میٹنگ صرف کوہستان پر رکھوں گا، وہاں تمام ایشوز حل کریں گے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد کوہستان دوبارہ آؤں گا تو صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اور عملی اقدامات کر کے آؤں گا۔کوہستان کے عمائدین نے مسائل کے حل کے اقدامات پر وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کا شکریہ ادا کیا۔