دہشت گردی کا خاتمہ صرف طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ہے اس کے لیے  زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی اور عزم ضروری ہے:صدر پاکستان

 
0
391

اسلام آباد، اپریل 04 (ٹی این ایس)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف طاقت کے ذریعے ممکن نہیں ہے اس کے لیے  زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی اور عزم ضروری ہے۔

یہ بات انھوں نے بدھ کو  نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں تاریخی ہیں، دیگر ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،پاکستان میں دہشت گردی  میں بعض دشمن قوتوں نے بھی فائدہ اٹھایا،

انھوں نے کہا کہ  دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان براہِ راست نشانہ بنا، پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ بڑی کامیابی ہے، انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے تمام مکاتب فکر،طبقات اور اداروں  میں ہم آہنگی ضروری ہے،جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے قوانین اور تعلیمی نظام میں تبدیلیاں کی جائیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت اور تعداد میں اضافہ کیا جائے۔