وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ایرانی صدر مملکت سے ملاقات

 
0
189

اسلام آباد 14 جون 2022 (ٹی این ایس): ( تہران ) ایران کے دو روزہ سرکاری دورے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج تہران میں ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صدر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی سرکاری دعوت بھی دی۔

ایرانی صدر مملکت سے ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی گہری خواہش کا اعادہ کیا، جن کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور عقیدے، ثقافت اور ورثے کی مشترکات میں پنہاں ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور توانائی کے تعاون کو آگے بڑھانے، علاقائی روابط، بارٹر ٹریڈ اور بارڈر سسٹیننس مارکیٹ پلیس کو فعال کرنے اور زائرین کی زیارت کے لیے ایران آنے والے افراد کی سہولت کے لیے باقاعدہ حکمت عملی اور مشترکہ انتظامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر خارجہ نے ایرانی جیلوں میں زیر حراست پاکستانی قیدیوں کی رہائی/منتقلی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ صدر ابراہیم رئیسی نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک قریبی تاریخی روابط اور مضبوط برادرانہ تعلقات کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جس میں مزید ترقی کے کافی امکانات ہیں۔
اس سے پہلے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر عبدالہیان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔ بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، جس میں اقتصادی تعلقات اور تجارتی حجم میں توسیع، بلوچستان میں مکران ڈویژن کے لیے ایران سے اضافی بجلی کی درآمد، اور سیکیورٹی مسائل، اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کے سد باب کے لیئے موثر اقدامات پر۔بھی زور دیا۔وزیر خارجہ نے اگست 2022 میں مشترکہ اقتصادی کمیشن (JEC) کا اگلا اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں فریقوں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، با الخصوص امور افغانستان اور ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں ہونے والی پیش رفت پر توجہ مرکوز کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری مسلمانوں کے منصفانہ مقصد کے لیے ایرانی قیادت کی ثابت قدم حمایت کو سراہا۔