مصطفی کمال کی اہلیہ کی گاڑی پر فائرنگ

 
0
205

کراچی 17 جون 2022 (ٹی این ایس): نامعلوم ملزمان نے پاک سرزمین زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفی کمال کی اہلیہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی، پی ایس پی نے الزام ٹی ایل پی پر عائد کردیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی اور کشیدہ صورتحال کے بعد پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی اہلیہ کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تاہم وہ محفوظ رہیں۔

ترجمان پاک سرزمین زمین پارٹی (پی ایس پی) کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے کارکنان کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں مصطفیٰ کمال کی اہلیہ کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ وہ معمولی زخمی ہوئیں۔

گزشتہ روز ووٹنگ کے دوران مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم ہوا تھا، جس کے دوران پولنگ کا عملہ خوف و ہراس میں ڈیوٹیاں چھوڑ کر پولنگ اسٹیشن سے محفوظ مقام کی طرف منتقل ہوگیا تھا۔

حلقہ این اے 240 پر ضمنی انتخاب کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، پولیس کے ساتھ سندھ رینجرز نے بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیے، فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ پولیس نے فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد کو حراست میں لیا تھا۔