پنجاب میں بازار نو بجے بند کرنے کا فیصلہ

 
0
1604

اسلام آباد 18 جون 2022 (ٹی این ایس): سندھ کے بعد اب پنجاب حکومت نے بھی بازار نو بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

کراچی کے بعد پنجاب میں بھی بجلی کی بچت کے پلان پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تاجر تنظیموں اور چیمبرز سے مشاورت مکمل ہوگئی جس میں تاجر برادری نے حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔

ذرائع کے مطابق توانائی بچت پلان پر اگلے ہفتے سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں بازار جلد کھولیں جائیں گے اور رات نو بجے انہیں بند کرادیا جائے گا۔ ریسٹورنٹ، ہوٹل جلد بند کرنے پر غور جاری ہے، فارمیسی، بیکری، پٹرول پمپس کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں یہ پابندی دو ماہ کے لیے ہوگی، جولائی اور اگست کے بعد مزید فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن نے حکومت کا ساتھ دینے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس نعمان کبیر نے کہا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر حکومت کے ساتھ ہیں، بچت پلان پر عمل درآمد سے بجلی اور پٹرول بچے گا، عوام کم سے کم بجلی استعمال کریں کیوں کہ اس وقت پٹرول اور بجلی بچانا قومی فریضہ ہے۔