محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

 
0
1805

اسلام آباد 21 جون 2022 (ٹی این ایس): محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں مزید گرج چمک کے ساتھ بدھ تک طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسلا دھار بارشوں سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ملک بھر میں پیر تا بدھ طوفانی بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوجائیگا، تمام اداریں الرٹ رہیں۔
جاری کردہ الرٹ میں این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنانے اور پیشگی اقدامات اٹھانے جائیں۔
متعلقہ ادارے سیلابی خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں و سیاحوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے مسلسل آگاہ رکھیں۔