پاک ترک وزرائے داخلہ کا رابطہ،انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

 
0
94

اسلام آباد 23 جون 2022 (ٹی این ایس): وزیرداخلہ رانا ثنااللہ اورترکی کے وزیر برائے داخلہ امورسلیمان سوئیلوکے درمیان رابطہ، پاکستان اورترکی کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر بات چیت ،پا کستان سے ترکی کیلئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال،دونوں ممالک کے وزراء نے اتفاق کیا کہ غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کو روکنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے اوراس میں ملوث عناصر کیخلاف کاروائی کی جائے گی، انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ایف آئی اے اور ترک امیگریشن ادارے کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کی تجویز پر گفتگو کی گئی ،ترکی وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ،اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ترکی ہمارا بہترین دوست اور برادر اسلامی ملک ہے۔ ترکی نے پاکستان کی مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراغ دلانہ مدد کی ہے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان بہترین معاشی، ثفافتی اور کاروباری تعلقات ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے وفدکے رواں مہینے دورہ ترکی کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اورانکے وفد کی بہترین میزبانی پرترک صدر طیب اردوان اورحکومت کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے ترکی کے دوٹوک موقف کا معترف ہے۔ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ دورہ ترکی کے دوران انتہائی مفید ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم پاکستان کے دورہ ترکی سے باہمی تعلقات میں مزیدوسعت اورمضبوطی آئے گی۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات باہمی محبت، بھائی چارے اوراعتماد پر قائم ہیں۔ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کے خاتمے سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ترک ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اداروں کی بہتر کوارڈینیشن سے اس غیرقانونی کام کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔