اسلام آباد 26 جون 2022 (ٹی این ایس): سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پرسوشل میڈیا پر اسٹیٹ بنک اور چار نجی بینکوں کیخلاف مہم چل پڑی ، سوشل میڈیا صارفین نے سودی نظام بینکاری کی حمایت کرنے والے بینکوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انکے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزسٹیٹ بینک او رچار نجی بینکوں نے سود کے خلاف دیے گئے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ، اپیل دائر کرنے والے بینکوں میں یونائیٹڈ بینک ،حبیب بنک،مسلم کمرشل بینک اور نیشنل بینک شامل ہیں۔ ان بینکوں کی طرف سے سودی نظام کی حمایت میں اس اقدام کے بعد سوشل میڈیا پر اسٹیٹ بنک اور چار نجی بینکوں کیخلاف مہم چل پڑی ہے
سوشل میڈیا صارفین نے سودی نظام بینکاری کی حمایت کرنے والے بینکوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انکے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ہر سچے مسلمان کو ان چاروں بینکوں کے بائیکاٹ کی مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہئے تاکہ ان کا دماغ ٹھکانے لگایا جاسکے، ان کیخلاف ٹرینڈ چلنا چاہیے ،اور عملا انکا بائیکاٹ شروع کیا جائے۔