یانگ جیچی کا چین کے خارجہ تعلقات میں نمایاں کردار ہے،ترجمان دفتر خارجہ

 
0
89

اسلام آباد 29 جون 2022 (ٹی این ایس): ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یانگ جیچی کا چین کے خارجہ تعلقات میں نمایاں کردار ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی آج پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں، دورے کے دوران ڈائریکٹر یانگ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر یانگ جیچی کے ہمراہ نائب وزراء برائے امور خارجہ اور تجارت بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وائس چیئرمین اور قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل بھی ڈائریکٹر کے ہمراہ ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے یانگ جیچی کا چین کے خارجہ تعلقات میں نمایاں کردار ہے، ڈائریکٹر یانگ جیچی اس سے قبل 2007 سے 2013 تک چین کے وزیر خارجہ اور 2013-17 تک اسٹیٹ کونسلر رہ چکے ہیں۔