اے این پی کی ضمنی انتخاب ملتوی ہونے پر حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی

 
0
72

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )نے ضمنی انتخاب ملتوی کی صورت میں حکومتی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی دیدی۔
صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کہاہے کہ ضمنی انتخاب کو مزید ملتوی کیا گیا تو اے این پی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی،ضمنی انتخاب ملتوی ہوئے تو اے این پی حکومتی اتحاد کا حصہ بھی نہیں رہے گی،ایمل ولی خان کاکہناتھا کہ اے این پی نے اپنے فیصلے سے وفاقی حکومت کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ سیلابی صورتحال کی وجہ سے ضمنی انتخاب نہیں کروا سکتی لیکن خیبر پختونخوا میں انتخاب کے انعقاد کے لیے حالات بالکل سازگار ہیں اس لیے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی انتخاب کا انعقاد مقررہ وقت پر ہر صورت ممکن بنائے کیونکہ یہ حلقے اور یہاں کے عوام پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی سے محروم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ باربار اتحادی حکومت اور دیگر اداروں سے کہا ہے کہ دفاعی اداروں کو انتخابی عمل کا حصہ نہ بنائے کیونکہ انتخابی عمل کا حصہ بننے کی وجہ سے دفاعی اداروں کی جو بدنامی ہوئی جسے اب بند ہونا چاہیے۔
حکومتی اتحاد سے متعلق صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا کی خاطر اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اے این پی نے اتحادی حکومت کا ساتھ دیا اور دیتے رہیں گے۔ اگر کوئی خوشی منا رہا ہے کہ ہم عدم استحکام والوں کی طرف کھڑے ہوں گے تو یہ انکی غلط فہمی ہے۔