پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل طلب

 
0
109

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماوں کے خلاف ملک بھر کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیل دو ہفتوں میں طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مدینہ منورہ واقعہ کے بعد پی ٹی آئی رہنماوں پر مقدمات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری جب کہ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عدالت پیش ہوئے۔
فواد چودھری ،اسد قیصر اور دیگر کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ وزارت داخلہ کو کیا ایشو ہے۔ وہ پی ٹی آئی قائدین کیخلاف درج مقدمات کی تفصیل جمع کیوں نہیں کرا رہی۔
ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو آئندہ سماعت پرمقدمات کی تفصیل جمع کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے بتایا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ترمیم منظور ہوگئی ہے کہ ممبر پارلیمنٹ گرفتار ہوا تو اسے اجلاس میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے یہ تو بہت اچھے رولز بنائے ہیں۔ عدالت توقع کرتی ہے کہ رولز میں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا۔

عدالت نے پی ٹی آئی قائدین فواد چوہدری، اسد قیصر اور دیگر کیخلاف ملک بھر کے تھانوں میں درج مقدمات کی تفصیل دو ہفتوں میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔