میدان سج گیا ،کپتان اور کھلاڑی تیار،مارچ کا آغاز

 
0
80

پاکستان تحریک انصاف آج لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کرے گی۔ سابق وزیراعظم عمران خان رات گئے لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے لبرٹی پہنچے، جہاں وہ کنٹینر پر آئے اور کارکنوں سے مختصر خطاب کیا۔ اس سے پہلے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے عوام سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل بھی کی۔

عمران نے کہا کہ صبح گیارہ بجے لبرٹی چوک لاہور سے تحریک کا آغاز کر رہا ہوں، یہ تحریک حکومت گرانے یا لانے کے لئے نہیں ہے بلکہ حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ چاہتے ہیں ملک کے فیصلے ملک میں ہوں، کون حکومت کرے گا اس کا فیصلہ عوام کریں، بند کمروں میں فیصلے نہ ہوں۔

دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کر دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ نے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا آغاز 28 اکتوبر بروز جمعہ کو لبرٹی چوک سے ہو گا اور مارچ کے پہلے روز ہم شاہدرہ تک ہی جائیں گے۔ لانگ مارچ کلمہ چوک سے براستہ فیروز پور روڈ جائے گا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کے پہلے روز شرکا سے آزادی چوک پر خطاب کریں گے۔

لانگ مارچ کے دوسرے روز کا آغاز شاہدرہ چوک سے ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنے علاقوں میں اشتہاری مہم اور کیمپس لگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔