بلدیاتی الیکشن ہر صورت شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، تنویر الیاس

 
0
146

تنویر الیاس نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہر صورت شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ایک روزہ دورہ راولاکوٹ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار الیکشن کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے لیکن ہمارے پاس آپشن موجود ہیں۔

انہوں نےکہا کہ لوگ الیکشن کی بھرپور تیاری جاری رکھیں، ریاست کے لوگوں کو امور ریاست میں حصّہ لینے کے لیے بلدیاتی انتخابات انتہائی اہم ہیں۔

سردار تنویر الیاس نے یہ بھی کہا کہ ہماری حکومت تمام مشکلات کو برداشت کر کے الیکشن کر وا رہی ہے، ہمیں الیکشن یا حکومت کسی ایک کا کہا گیا تو ہم نے الیکشن کا آپشن قبول کیا، ربڑ سمٹپ والی حکومت نہیں چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت شفاف انتخابات کے لیے سرگرم ہے کسی اپوزیشن جماعت کو انگلی اٹھانے کی نوبت نہیں ملے گی۔

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں آزاد کشمیر حکومت کی ہر طرح کی معاونت کی جائے گی، حکومت کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں کو میدان سے بھاگنے نہیں دیں گے، بلدیاتی الیکشن ہر صورت شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ جو لوگ سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر الیکشن سے راہ فرار چاہتے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں سیکورٹی کی فراہمی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہ مہیا کریں گے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔