عمران خان کی ساری سیاست ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے،بلاول بھٹو زرداری

 
0
200

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست شروع سے ہی ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے براہ راست اثرات پاکستان پر پڑے ہیں، بارشوں سے ملک کے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، آج بھی کئی علاقوں میں پانی ہے، آج بھی متاثرین کو مدد کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ آپس میں لڑنے کے بجائے الیکشن لڑیں گے، پارلیمنٹ میں جائیں گے اور بحث کے ذریعے ملک کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ اس وقت ہمارا نظام نہیں چل رہا ہے، جب تک اداریکام نہیں کریں گے اس وقت تک عوام مشکل میں رہیں گے، عوام کو ہمارے ناکامی کا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے، آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بناکر سیاست نہیں کرنی چاہیے، آرمی چیف کی تعیناتی کو آئین اور قانون کے تحت مکمل ہونا چاہیے۔ ہمیں قومی مفاد پر توجہ دینا ہوگی ، آئین اور قانون کے تحت اس کام کو چلنے دیا جانا چاہیے۔