لکی مروت: پولیس وین پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی سمیت 6 اہلکار شہید

 
0
98

مروت پولیس موبائل پر حملے کے دوران اے ایس آئی سمیت6 پولیس اہلکار شہیدہوگئے ۔ پولیس حکام کے مطابق عباسیہ روڈ پر پولیس موبائل معمول کے مطابق گشت کر رہی تھی کہ وانڈہ شہاب کے قریب نامعلوم افراد نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ پولیس نے علاقے کو کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ شہدا میں کانسٹیبل پرویز، دل جان، عبیداللہ، محمود اور احمد نواز شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں اور پورا ملک ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف ہر اول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہدا کو اعزازات اور شہدا پیکج دے۔
ان کا کہنا تھا شہدا کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی لکی مروت حملے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لیا۔
محمود خان کا کہنا تھا پولیس شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیراعلی محمود خان نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے لکی مروت میں پولیس ٹارگٹ کلنگ کا سخت نوٹس لے لیا ۔
آئی جی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، پولیس فورس شہدا کی قربانی اور جذبے کو سلام پیش کرتی ہے،شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کرسکتی، ۔آئی جی نے متعلقہ پولیس حکام کو حملے میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔