پی ٹی آئی کی وفاق پرچڑھائی روکنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، وزیر داخلہ

 
0
146

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے امن وامان سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو ،وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر شریک ہوئے ۔ کے پی کے آئی جی پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری نے آن لائن شرکت کی۔
پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور قائم مقام آئی جی بھی شریک ہوئے ، اس کے علاوہ آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد اور سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی شریک ہوئے

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے/دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی ۔
اجلاس کے شرکا نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پرچڑھائی کے غیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ، وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں، چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔