کارسرکارمداخلت کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں9 دسمبر تک توسیع

 
0
107

انسداد دہشتگردی عدالت نے سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی،

عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کیس کی سماعت کی ،عمران خان کی جانب سے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے،

عمران خان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، وکیل بابراعوان نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان زخمی ہیں ،سفر نہیں کر سکتے ،عدالت نے کہاکہ عمران خان ایک سیاسی اجتماع میں موجود تھے ،کیس کو زیادہ دیر التوا کا شکار نہیں بنا سکتے ،

عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان اسلام آباد میں موجود ہیں یا لاہور؟۔

وکیل بابراعوان نے کہاکہ عمران خان اس وقت لاہور میں موجود ہیں ،بابراعوان نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ،عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی پیشی ہر صورت یقینی بنائیں ۔

وکیل بابراعوان نے کہاکہ عمران خان عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں ،اسلام آباد انتظامیہ عمران خان ک وداخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کواسلام آباد داخلے روکنے کا حکمنامہ آپ کے پاس ہے ؟

بابراعوان نے کہاکہ حکمنامہ تحریری طور پر نہیں زبانی کہاں گیاہے ۔عدالت نے کہاکہ عمران خان کے داخلے کے معاملے پر عدالت انتظامیہ سے وضاحت بھی طلب کر سکتی ہے ،عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔