اسلام آباد دھماکہ میں استعمال ہونے والی گاڑی سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں

 
0
146

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹرآئی ٹین فور میں دھماکہ میں استعمال ہونیوالی گاڑی لاہور رجسٹرڈ تھی،
گاڑی کا نمبر LEI 7793 تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی سید سجاد حیدر کے نام پر رجسٹرڈ تھی، گاڑی کے مالک کا تعلق چکوال سے ہے، گاڑی کی آخری ٹوکن ٹیکس ادائیگی جولائی 2021 کو کی گئی۔

واضح رہے وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی 10 میں بیرونی روڈ پر گاڑی میں خود کش دھماکا ہوا ،پولیس ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے ایک ٹیکسی کو روکا اور تلاشی کی تو دھماکا ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہل کار شہید ہوگیا جب کہ 4 اہل کار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود شخص بھی ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئے جب کہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جڑواں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکا بندی کرکے حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات کو سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔