پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے

 
0
116

پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر دھاندلی میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے پیپلزپارٹی کو جتوانے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلزپارٹی بی بی شہید کیساتھ دفن ہوچکی ہے اور موجودہ پارٹی زرداری مافیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج پرشدید تحفظات کا اظہارکرنے والے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کچھ جماعتیں الیکشن سے بھاگتی رہیں۔ ہم الیکشن کے انعقاد کیلئے ڈٹ کرکھڑے رہے لیکن کل جوہوا اسے الیکشن کہنے والے سے بڑا احمق نہیں دیکھا۔علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوگیا، وہ دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ دھاندلی کے باوجودپی ٹی آئی نے70 سے زائد نشستوں پرکامیابی حاصل کی، ہمارے پاس پولیٹیکل انجینئرنگ کے ذریعے دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت لے کرجائیں گے۔ ڈی کمشنرز اور ریٹرننگ آفیسرز جوکررہے ہیں ہمیں سب علم ہے۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمشنرجانبدار ہے۔ ملک میں بدمعاشوں کاٹولہ حکومت کررہاہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے ایم پی ایزکے پیچھے پولیس کولگا دیا گیا، ان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ فارم 11پرجعلی دستخط کے ثبوت موجودہیں، یہ مینڈیٹ چوری کرنیوالے ملک کونقصان پہنچاتے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کومسترد کرنے کا اعلان کرنے والے علی زیدی نے مزید کہا کہ کراچی میں کوئی بھی انتخابات اورنتائج کوتسلیم نہیں کررہا، نتائج کیلئے امیدوار اور کارکنان آراوز کے آفس بیٹھے ہیں ۔