ق لیگ کی پارٹی سربراہی سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنانے کی استدعا

 
0
211

مسلم لیگ (ق)نے الیکشن کمیشن سے پارٹی سربراہی سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنانے کی استدعا کردی، الیکشن کمیشن نے (ق)لیگ کو معاملہ جلد دیکھنے کی یقین دہانی کرادی۔
مسلم لیگ (ق)کے رہنما کامل علی آغا کے وکیل عامرسعید الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اورموقف اپنایا کہ چوہدری شجاعت اورطارق بشیرچیمہ کو پارٹی عہدوں سے ہٹانے کا کیس الیکشن کمیشن میں ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کیس کا محفوظ فیصلہ تاحال نہیں سنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے باعث سیاسی گہما گہمی ہے،پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ق کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے ہیں، اس لئے پارٹی سربراہی سے متعلق محفوظ فیصلہ جلد سنایا جائے۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن میں پرویز الہی کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا تذکرہ بھی ہوا۔ الیکشن کمیشن کے رکن پختونخوا نے کہا کہ ہم نے تو ٹی وی پر کچھ اور ہی دیکھا تھا، جس پر وکیل نے بتایا کہ سب کچھ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے۔ ممبر کے پی نے استفسار کیا کہ کیا جلد فیصلہ سنانے کے لیے تحریری درخواست دی ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ تحریری درخواست دائر کیے ہوئے بھی 4 ماہ گزر چکے ہیں۔ممبران الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق پرویز الہی گروپ کے وکیل کو جواب دیا کہ ق لیگ پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی کوشش کریں گے۔