مریم نواز سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

 
0
105

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر زوئی ویئر (Zoe Ware) کی ملاقات ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے مطابق ملاقات پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوئی۔

مریم نواز اور زوئی وئیر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام ہائی کمشنر نے پشاور میں دہشت گرد حملے اور قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر زوئی ویئر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے جس پر ہر دل غمزدہ ہے، دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے اور مشترکہ کوششوں سے ہی اس کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے۔

ملاقات کے دوران ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس ملاقات کی ویڈیو بھی ن لیگ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔