قومی اسمبلی کی مزید سیٹوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری

 
0
51

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی )کی جانب سے آج بروز ہفتہ 4 فروری کو قومی اسمبلی کی مزید 31نشستوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان نشستوں پر ضمنی الیکشن 29مارچ کو ہوگا۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 10سے 14فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے، جن کی جانچ پڑتال 18فروری تک ہوگی۔
ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 22فروری تک جمع کرائی جائیں گی۔ جن پر فیصلہ 27فروری تک ہوگا۔
کاغذات نامزدگی یکم مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے، جب کہ امیدواروں کو انتخابی نشان دو مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو معطل کر دیا تھا
الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی معطلی دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے، بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے تحت معطل کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے بھی معطل رہیں گے، دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان تک بلدیاتی عہدیدار معطل رہیں گے