
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے سے نقصانات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کی اورمتاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں،پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے،قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے،یہ انسانیت اور کرہ ارض کی بقا کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی