پاکستان کی قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں راولپنڈی کے دو حلقوں میں دو بہن بھائی وکلاء نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔ مس طاہرہ بانو مبارک ایڈووکیٹ نے این اے 60 اور عظمت علی مبارک ایڈووکیٹ نے این اے 62سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے امیدوار قومی اسمبلی عظمت علی مبارک نے کہا ہے کہ علاقے کو لاوارث چھوڑنے والوں کا یوم احتساب آ گیا ہے، عوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں۔ قومی اسمبلی عوامی مسائل کا فورم ہے لیکن یہاں عوام کے مسائل پر بات نہیں کی جاتی، سیاسی اکھاڑہ بننے سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے لہٰذا اب عوام کو ایسے نمائندے منتخب کرنا ہونگے جو انکے مسائل حل کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر عوام کے اصل مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرینگے۔












