کراچی، اسلحہ سپلائی کرنیوالا منشیات فروش گرفتار

 
0
122

کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے پولیس اور رینجرز نے غیر قانونی اسلحہ کی سپلائی، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کراچی کے علاقے بی ون ایریا لیاقت آباد میں کی اور ملزم قیوم بلوچ کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے قبضے سے 6 پستول، مختلف اقسام کے راؤنڈز، 10 عدد اسپیئر میگزین، 125 گرام کرسٹل اور 120 گرام ہیروئن بھی برآمد کر لی گئی۔

ملزم 2017 سے منشیات حب چوکی اور رئیس گوٹھ سے منگوا کر مختلف علاقوں لیاری، چاکیواڑہ، جہان آباد، پرانا گولیمار، پاک کالونی، الیاس گوٹھ اور گارڈن کے علاقے میں سپلائی کرتا تھا۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ منشیات فروشی کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے۔

ملزم منشیات اور اسلحہ کی سپلائی کے لیے عورتوں اور بچوں کا استعمال کرتا تھا۔