اسلام آباد اگست 18(ٹی این ایس) خاتون اول پاکستان بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ عوام نے ہمیں منتخب کیا انشا اللہ توقعات پر پورا اتریں گے، کرسی آنی جانی چیز ہے، آج خوش نہیں ڈری ہوئی ہوں۔تفصیلات کے مطابق خاتون اول پاکستان بشریٰ بی بی نے عوام کے نام پہلے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ نےہم پربہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، عوام نے ہمیں منتخب کیا انشا اللہ توقعات پر پورا اتریں گے۔بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد ملک سےغربت کاخاتمہ ہے، وہ غربت کا خاتمہ، صحت وتعلیمی نظام کی بہتری چاہتے ہیں۔
خاتون اول نے کہا کرسی آنی جانی چیز ہے، آج خوش نہیں ڈری ہوئی ہوں۔اس سے قبل خاتون اول بشریٰ بی بی نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ سرکاری رہائش گاہ کا دورہ کیا ، سرکاری رہائش گاہ دو بیڈ رومز پر مشتمل ہے۔خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے رہائش گاہ کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ دو بیڈ رومز پر مشتمل ہے، عمران خان رہائش میں بھی سادگی رکھیں گے۔خیال رہے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں خاتون اول بشریٰ بی بی توجہ کا مرکز بنی رہیں، وہ سفید عبایا زیب تن کرکے تقریب میں پہنچیں اور خواتین میں گھل مل گئیں۔