موبائل فون کمپنیوں کا حکومت سے ٹیرف میں اضافے کا مطالبہ

 
0
145

 معاشی بحران نے ٹیلی کام سیکٹر کو بھی لپیٹ میں لے لیا، موبائل کمپنیوں کے لیے بلند لاگت اور کمزور شرح مبادلہ کی وجہ سے پاکستان میں خدمات جاری رکھنا دشوار ہوگیا جس پر ٹیلی کام سیکٹر نے حکومت سے ٹیرف میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔

ٹیلی کام سیکٹر کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شرح سود، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاروباری لاگت بھی کئی گنا بڑھ گئی جس کے بعد موبائل فون سروسز پرووائیڈرز نے ٹیرف میں اضافے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

اس حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں کے ایک وفد نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق سے ملاقات کرکے انہیں موبائل کمپنیوں کو درپیش بحرانی کیفیت سے آگاہ کیا ۔ وفد میں جاز، پی ٹی سی ایل اور ٹیلی نار کے سربراہان شامل تھے۔ٹیلی کام کمپنیوں کے سربراہان نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ ایل سی کی بندش، مالی بحران اور موبائل نرخ بڑھانے پر پابندیوں کے باعث سروس کا معیار بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کاروباری مشکلات برقرار رہیں تو خدمات کی فراہمی جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔